منگل 21 جولائی 2026 - 15:34
کتاب "عبقات الانوار" مکتبِ تشیع کے علمی دفاع کا بے مثال سرمایہ ہے

حوزہ / آیت اللہ محسن فقیہی نے کہا: علامہ میر حامد حسین لکھنوی کی یاد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کو امامت پر تحقیق کے میدان میں ایک پائیدار اور مؤثر علمی تحریک میں تبدیل ہونا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن آیت اللہ محسن فقیہی نے قم میں علامہ میر حامد حسین لکھنوی کی یاد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی سیکریٹریٹ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران ان کی علمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا: علامہ میر حامد حسین لکھنوی کے علمی آثار کا احیا اہل بیت علیہم السلام کے معارف کی عظیم اور دیرپا خدمت ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں حجت الاسلام والمسلمین محمد تقی سبحانی کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے "عبقات الانوار" کے بے مثال علمی مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ عظیم علمی شاہکار عالم اسلام کا گراں قدر سرمایہ اور مکتبِ تشیع کے علمی دفاع کے لیے ایک بے مثال اثاثہ ہے جسے بھرپور انداز میں علمی حلقوں اور معاشرے سے متعارف کرایا جانا چاہیے۔

استاد درس خارج حوزہ نے کہا: کانفرنس کی سرگرمیاں صرف ایک کانفرنس تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ علمی آثار کی تدوین، تحقیق اور مکتبِ علمیِ لکھنو سے متعلق مطالعات کا سلسلہ مسلسل جاری رہنا چاہیے تاکہ یہ اقدام امامت پر تحقیق کے میدان میں ایک پائیدار اور اثرگذار علمی تحریک کی صورت اختیار کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا: موجودہ دور میں سوشل میڈیا سے مؤثر استفادہ، نوجوان نسل کی ضرورتوں کے مطابق علمی و فکری مواد کی تیاری، علامہ میر حامد حسین کے آثار کا مختلف زبانوں میں ترجمہ اور محققین کے لیے علمی منابع تک آسان رسائی فراہم کرنا عالم اسلام کی اہم ضرورت ہے۔

آیت اللہ فقیہی نے امامت پر تحقیق کے شعبے میں ماہر افرادی قوت کی تربیت اور کانفرنس سیکریٹریٹ کی تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو اس علمی تحریک کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا: نوجوان محققین کی تربیت پر سرمایہ کاری اس علمی میدان کی بقا، ترقی اور نشاط کی ضمانت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ملاقات کے آغاز میں کانفرنس کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین محمد تقی سبحانی نے تاریخِ تشیع میں مکتبِ علمیِ لکھنو کے ممتاز مقام کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی کانفرنس کے اہم اہداف بیان کئے اور کہا: کانفرنس کے اہم ترین منصوبوں میں علامہ میر حامد حسین لکھنوی کی عظیم علمی تصنیف "عبقات الانوار" کی احیا اور اشاعت شامل ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha